نواز شریف احتساب عدالت میں پیش،2 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہوگی
احتساب عدالت نےنوازشریف کےبچوں حسن، حسین اور مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے خلاف دائر ہونے والے تین نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے نواز شریف کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 2 اکتوبر کو پیش ہونے اور 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
سابق وزیراعظم سخت سیکیورٹی اور پروٹوکول میں اسلام آباد میں واقع پنجاب ہاؤس سے احتساب عدالت پہنچے جہاں انہیں حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔