سعودی عرب بہت جلد سی پیک کا حصہ بنے گا، سفیر
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب بہت جلد گوادر پورٹ میں سرمایہ کاری کرکے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ بن جائے گا۔
دی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق نواف سعید احمد المالکی نے جنگ گروپ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان 'برادرانہ اور تجارتی تعلقات' کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ 'سعودی عرب کی ترقی اور استحکام کے لیے تیس لاکھ سے زائد پاکستانی اپنا کردار ادا کررہے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سی پیک میں سرمایہ کاری سے سعودی عرب کو اسی طرح کا کردار پاکستان میں ادا کرنے کا موقع میسر ہوگا۔
پاک-سعودیہ تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
مستقبل میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انھوں ںے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں ایک قدم اٹھایا جائے گا اور پاکستانی طلبا کو سعودی عرب کی جامعات میں اسکالر شپ کی پیش کش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے رواں سال اگست میں سعودی عرب کے اپنے پہلے دورے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان السعود کے 'ویژن 2030' کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے اس کو سعودی عرب کی معیشت کی ترقی اور جدت کے لیے موزوں قرار دیا تھا۔
وزیراعظم نے انھیں یقین دلایا تھا کہ دونوں ممالک کے فائدے کے لیے تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔
شاہد خاقان عباسی سے جدہ میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجاری حجم کو بڑھانے کے لیے نئے پہلووں کو سامنے لایا جائے گا۔