پاکستان

غیرقانونی بھرتیاں:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر فردِ جرم عائد

آپ 6 ماہ سے مختلف درخواستیں دے کر کیس کو التوا کا شکار کررہے ہیں،احتساب عدالت کا سابق وزیراعظم کے وکیل پر اظہار برہمی

لاہور کی احتساب عدالت نے گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت 8 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے گیپکو میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران راجہ پرویز اشرف کے وکیل افتخار شاہد ایڈووکیٹ نے دستاویزات حاصل کرنے سے متعلق درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے فراہم کی جانے والی دستاویزات نامکمل ہیں، جنہیں فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

جس پر عدالت نے کہا کہ ’مختلف درخواستیں دے کر عدالتی وقت ضائع کیا جا رہا ہے، دستاویزات کے حصول کے لیے آپ کو ایک ماہ کا وقت دیا لیکن آج پھر وہی گردان دہرائی جا رہی ہے،6 ماہ سے آپ تاریخ پر تاریخ لیتے جا رہے ہیں‘۔

جس پر راجہ پرویز اشرف کے وکیل افتخار شاہد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ہم بھی اسلام آباد سے آکر تاریخ پر پیش ہوتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے وکیل کے پاس ریکارڈ موجود ہی نہیں، عدالت ریفرنس کی دوبارہ صاف اور مکمل کاپیاں فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرقانونی بھرتیاں:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کےوارنٹ گرفتاری

اس موقع پر پراسیکیوٹر نیب وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راجہ پرویز اشرف نے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں، جنہوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں۔

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راجہ پرویز اشرف ووٹ یبنک مضبوط بنانے کے لیے اپنے حلقے کے ووٹرز کو نوازتے رہے اور اہل افراد کو ان کے جائز حق سے محروم کیا، جس پر نیب نے کارروائی کرتے ہوئے تفتیش مکمل کرکے 2016 میں ریفرنس فائل کیا تھا۔

اس پر عدالت نے تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہان کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا جبکہ تمام فریقین کو ریفرنس کی صاف اور واضح کاپیاں فراہم کرنے کا حکم جاری کردیا۔

مزید پڑھیں: راجہ پرویز اشرف کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں، جنھوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں، جبکہ میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر نااہل افراد کو سیاسی طور پر نواز کر پالیسی کے خلاف نوکری دی گئی اور اس سلسلے میں تحریری امتحان اور ڈومیسائل کی پالیسی کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

نیب ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کو نامزد کیا گیا تھا.

دوسری جانب سابق سیکریٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس، وزیر علی، سابق سی ای او محمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر ایچ آر حشمت علی کاظمی بھی کرپشن ریفرنس میں نامزد ملزمان ہیں۔