پاکستان

'عمران خان جلد کرکٹ کی طرح سیاست بھی سیکھ لیں گے'

تحریک انصاف کے جلسے میں کچھ لوگ آجائیں تو وہ یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
|

سکھر: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو سیاست سے نابلد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد کرکٹ کی طرح سیاست بھی سیکھ جائیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 19 ستمبر کو حیدرآباد میں ایک عوامی جلسے کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ گذشتہ ماہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سکھر میں بھی عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا۔

سکھر میں زیر تعمیر سرجیکل ہسپتال کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے پی ٹی آئی چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'ان کے جلسے میں کچھ لوگ آجائیں تو وہ یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے، سندھ میں پی ٹی آئی نے جو نشستیں جیتی تھیں اس بار انہیں اس سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا'۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے امیدوار کو شکست دے کر قومی اسمبلی کی ایک نسشت جیتی تھی، جبکہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پاس چند نشستیں ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا مردم شماری میں واقعی کراچی کی آبادی کم دکھائی گئی ہے؟

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے نتائج پر سندھ کا موقف واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے معاملے میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان کسی بھی قسم کی سرد جنگ کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ 'اپنے تحفظات کے حوالے سے معاملات پر گفتگو کرنا ہمارا جمہوری حق ہے'۔

ان کا کہنا تھا، 'یہ معاملہ میڈیا نے اٹھایا ہے اور آگے بھی وہی لے کر جائیں گے، ہمیں اس پر تحفظات ہیں اور اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے لیے ہم قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں'۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال دیگر صوبوں کی نسبت بہتر ہے۔

یہ پڑھیں: ایم کیو ایم شاہ محمود کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے سرگرم

تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے حالیہ گٹھ جوڑ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 'پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم والے پہلے ایک دوسرے کو گالیاں دیتے تھے مگر آج وہ آپس میں مل رہے ہیں'۔

حال ہی میں پاکستان ٹیم اور ورلڈ الیون کے مابین منعقد ہونے والے آزادی کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی اور حیدرآباد میں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر آئی سی سی کی مبارک باد

واضح رہے کہ سندھ میں صرف 2 انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہیں، ایک کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور دوسرا حیدرآباد میں واقع نیاز اسٹیڈیم، جس کے انتظامی امور پی سی بی کے ہاتھ میں ہیں۔