عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو آئندہ سماعت پر گرفتارکر کے پیش کرنے کے حکم پر وفاقی پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے پانچ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز ساجد کیانی نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹس اور احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے وفاقی پولیس کو کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
عمران خان کی گرفتاری کے لیے پانچ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہوں نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے تاہم پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ان کی گرفتاری کا مراسلہ جاری کیا تھا۔
مراسلے میں پولیس حکام کو حکم دیا گیا کہ عمران خان کو گرفتار کرکے 25 ستمبر کو پیش کیا جائے۔