پاکستان

پولیس کو عمران خان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن نےپی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری اورانہیں کمیشن میں پیش کرنےکیلئے ایس ایس پی آپریشنز کو مراسلہ جاری کردیا۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے بعد اسلام آباد کے سینئر سپرنٹڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز کو مراسلہ جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے جاری مراسلے میں پولیس حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے 25 ستمبر کو پیش کیا جائے۔

گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 25 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا تھا۔

مزید پڑھیں: توہین عدالت کیس: عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری

الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے، جنہیں کمیشن نے ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا تھا۔

توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کمیشن کو بتایا تھا کہ عمران خان کی الیکشن کمیشن کے خلاف دائر پٹیش کی سماعت ہائی کورٹ میں ہونی ہے اور ہائی کورٹ کا لارجر بینچ اس کی سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انہوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت کیس: عمران خان 14 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب

عمران خان نے الیکشن کمیشن کے توہین عدالت کی سماعت کے اختیار کو چیلنج کیا تھا اور ان کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے کارروائی کے اختیارات پر سوال اٹھائے تھے۔

تاہم الیکشن کمیشن نے 10 اگست کو یہ واضح کیا تھا کہ اسے توہین عدالت کے کیس کی سماعت کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے، کمیشن نے بعد ازاں اس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین کو پہلا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 23 اگست تک جواب طلب کیا تھا۔