کھیل

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے تاریخی رنگ

تاریخی آزادی کپ کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تاریخی آزادی کپ کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے 20 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ورلڈ الیون کے اس تاریخ ساز دورے اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے ساتھ ہی ملک میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی۔

حریف کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم نے بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 197 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

پاکستان کی جانب سے بابر نے 86 رنز بنا کر ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ احمد شہزاد نے 39 اور شعیب ملک نے 38 رنز کی اننگز کھیلیں۔

جواب میں اوپنرز ہاشم آملا اور تمیم اقبال نے اپنی ٹیم کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے سبب مہمان ٹیم تیز رفتاری سے رنز بنانے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 177 رنز بنا سکی۔

ورلڈ الیون کی جانب سے ڈیرن سیمی اور فاف ڈیو پلیسی نے 29، 29 جبکہ ہاشم آملا نے 26 اور ٹم پین نے 25 رنز بنائے۔

میچ میں 20 رنز سے فتح کی بدولت پاکستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی اور بابر اعظم کو مین دی میچ قرار دیا گیا۔