'چین آئے نہ' خواتین کے خلاف تشدد پر ابھارنے کی کہانی
جب تک میں نے سید نور کی 11 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ٗچین آئے نہ دیکھی تھی، اس وقت تک مجھے پاکستانی سینما سے نفرت نہیں ہوئی تھی، لیکن اب فلم دیکھنے کے بعد ایسا نہیں رہا۔
گذشتہ چند سالوں میں ہم نے ہر طرح کی اچھی، ناقص، غیر معیاری، حقیقی انٹرٹینمینٹ اور دلچسپی سے بھری اور ان موضوعات سے دور فلمیں بھی بنائی ہیں، لیکن گزشتہ رات سے پہلے یہ میں کہ سکتی تھی کہ پاکستان سینما انڈسٹری کی کامیابیوں پر ہمیں فخر ہے۔
لیکن چین آئے نہ دیکھنے کے بعد ایسا نہیں ہے، اس فلم نے ہماری سینما انڈسٹری کو کئی دہائیاں پیچھے دھکیل دیا۔
قریبا 2 گھنٹے سے زائد دورانیے کی فلم خالص عورت بیزاری، جنس پرستی اور کلاسکیت پر مبنی ہے، فلم خواتین کے خلاف تشدد پر ابھارتی، بدسلوکی پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی ترغیب دیتی اور غیر رضامندی کے تعلقات بنانے کے لیے تشدد کی راہ اپنانے جیسے موضوعات کو فروغ دیتی ہے۔