کابل: داعش نے عراقی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی
کابل میں عراقی سفارت خانے کے باہر خودکش دھماکے کے بعد دہشت گرد عمارت میں داخل ہوئے تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا، داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا تاہم سفارت خانے کا تمام عملہ محفوظ رہا لیکن ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کم ازکم چار دہشت گردوں نے سفارت خانے پر حملہ کیا تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عراقی سفارت کاروں کو محفوظ جگہ پر منتقل کردیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے افغان پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کابل میں عراقی سفارت خانے کے باہر کار بم دھماکا ہوا، جس کے بعد مسلح حملہ آوروں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
افغان وزرات داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق سفارت خانے میں موجود تمام عراقی سفارت کاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
ترجمان وزرات داخلہ کی جانب سے خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ حملے میں تین مسلح حملہ آور ملوث تھے۔