پاکستانی عدالتوں کے بڑے فیصلے
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاناما اسکینڈل کیس سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ صرف حالیہ دور بلکہ ملکی عدالتی و سیاسی تاریخ کا بھی اہم فیصلہ ہے۔
سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ خود دنیا کے بڑے اسکینڈل کا اعزاز حاصل کرنے والے پاناما لیکس کے حوالے سے بھی دنیا کا اہم ترین فیصلہ ہے، کیوں کہ آج تک دنیا میں کہیں بھی، کسی بھی ملک میں کسی وزیراعظم یا صدر کے خلاف کوئی عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
سپریم کورٹ نے پاناما اسکینڈل کیس سے متعلق اپنا فیصلہ 21 جولائی کو محفوظ کیا تھا، جسے 8 دن بعد 28 جولائی کو سنایا گیا اور وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کا حکم دے دیا۔
بلاشبہ پاناما اسکینڈل سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستانی تاریخ و سیاست کے حوالے سے اہم ترین اور بڑا فیصلہ ہے، لیکن ملک کی سب سے بڑی عدالت کی جانب سے اس سے پہلے بھی بڑے فیصلے سنائے جاچکے ہیں۔
سپریم کورٹ نے تاریخ میں اپنا نام درج کرواتے ہوئے، حکومت وقت سمیت کئی اہم اور تاریخی معاملات پر فیصلے سنائے، جنہیں آج بھی پاکستان کے سب سے بڑے عدالتی کیسز کا درجہ حاصل ہے۔