پاکستان

پنچایت کا فیصلہ،12سالہ بچی کے ریپ کے 'بدلے' ملزم کی بہن کا ریپ

ملتان میں پنجائیت کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ریپ کرنے والے شخص کی 17 سالہ بہن کو بھی بدلے میں ریپ کا نشانہ بنایا جائے۔

ملتان: وسطی پنجاب کے شہر ملتان میں ایک 12 سالہ بچی کے مبینہ ریپ کے فیصلے کے لیے منعقد ہونے والی پنچایت نے بدلے میں ملزم کی بہن کے ریپ کا حکم سنادیا۔

ایس ایچ او ملک راشد کے مطابق ملتان کے علاقے مظفرآباد میں رواں ماہ 16 جولائی کو ایک 12 سالہ بچی گھاس کاٹنے گئی تو وہاں موجود ایک شخص نے اسے مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔

مذکورہ بچی نے یہ بات اپنے گھر والوں کو بتائی، جس کے بعد 18 جولائی کو وہاں مقامی افراد کی ایک پنچایت منعقد ہوئی۔

تقریباً 40 افراد پر مشتمل پنچایت کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ریپ کرنے والے شخص کی 17 سالہ بہن کو بھی بدلے میں ریپ کا نشانہ بنایا جائے۔

اس فیصلے کے بعد ملزم کی بہن کو وہاں لایا گیا اور ریپ کا شکار ہونے والی 12 سالہ بچی کے بھائی نے پنچایت کے حکم پر لڑکی کو بدلے میں مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: پنچایت کے حکم پر ریپ کے بعد خاتون کی خود کشی

اس پنچایت کے بعد ریپ کا شکار ہونے والی بچی کے گھر والوں نے ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا، یہ بات جب ملزم کے اہلخانہ کو معلوم ہوئی تو انہوں نے بھی ویمن پولیس سنٹر میں مقدمہ درج کروا دیا۔

دوسری جانب پولیس کو دوران تفتیش جب یہ معلوم ہوا کہ ملزم کی بہن کو پنچایت میں مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا گیا تو تھانہ مظفر آباد پولیس حرکت میں آ گئی اور پولیس نے پنچایت کے سر پنچ سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس حکام نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ پنچایت کے حوالے سے ایک اور ایف آئی آر تھانہ مظفر آباد میں پولیس کی مدعیت میں درج کی جائے گی اور اس حوالے سے لیگل ڈپارٹمنٹ سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ: پنچایت کے حکم پر گینگ ریپ؟

پنجاب میں اس سے قبل بھی پنچایت کے حکم پر خواتین کے مبینہ ریپ کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

گذشتہ برس نومبر میں بھی گجرات میں پنچایت کے حکم پر ریپ کا شکار ہونے والی شادی شدہ خاتون نے خود کشی کرلی تھی۔

اس سے قبل جنوری 2014 میں مظفرگڑھ میں بھی ایک پنچایت نے مبینہ طور پر ایک 40 سالہ خاتون کے ساتھ ریپ کا حکم دیا تھا۔