ایک دن کا بچہ 15 ہزار روپے میں فروخت کرنے والا باپ گرفتار
حیدرآباد: ٹنڈو الہ یار پولیس نے اپنے ایک دن کے بچے کو 15 ہزار روپے میں فروخت کرنے کے جرم میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق خاتون قازبانو قمبراں کے ہاں رواں ماہ 17 جولائی کو ایک نجی ہسپتال میں بیٹے کی پیدائش ہوئی، تاہم ایک دن بعد ہی ان کے شوہر عبدالغفور نے ایک ملازمہ خدیجہ کے ذریعے بچے کو ثوبیہ اور اللہ دتہ بلوچ نامی جوڑے کو فروخت کردیا۔
مذکورہ جوڑا اور ملازمہ بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔
مزید پڑھیں: نومولود بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والا گروہ گرفتار
پولیس کے مطابق عبدالغفور اپنی اہلیہ کے ہسپتال کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر تھا، جس کی وجہ سے اس نے اپنے بچے کو فروخت کیا۔
تاہم بچے کی والدہ کی جانب سے ٹنڈو الہ یار اے سیکشن پولیس کے پاس مقدمہ درج کروائے جانے کے بعد پولیس نے شیدی محلے اور مدینہ کالونی میں چھاپے مارے اور جمعہ (21 جولائی) کی رات بچے کو بازیاب کرواکے اسے اس کی والدہ کے حوالے کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: جرگے کا عائد جرمانہ بھرنے کیلئے بچے برائے فروخت
دوسری جانب ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے، جنہیں ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گذشتہ برس اگست میں صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی اپنی بیٹی کو مبینہ اغواکاروں کے ہاتھوں فروخت کرنے والے جوڑے کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔