فیس بک پر یہ 8 کام کرنا چھوڑ دیں
فیس بک کا استعمال اب شوق سے زیادہ ضرورت بنتا جارہا ہے اور سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ پر دنیا بھر کے افراد کے اکاؤنٹس موجود ہوں گے۔
آپ کی فرینڈ لسٹ کی تعداد بھی یقیناً کافی طویل ہوگی، لیکن کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ آپ کے فیس بک استعمال کرنے کے انداز سے لوگوں کو آپ کی شخصیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے؟
مزید پڑھیں: فیس بک کے 16 اقسام کے صارفین
جی ہاں، آپ اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جو کچھ پوسٹ کرتے ہیں وہ ہر دوست کو نظر آتا ہے، لیکن اب بھی دیر نہیں ہوئی، یہاں فیس بک پر کی جانے والی 8 غلطیوں کی فہرست بتائی گئی ہے، جن سے تمام صارفین کو گریز کرنا چاہیے۔
کمنٹس اور وال پر ذاتی تفصیلات بتانا
فیس بک استعمال کرنے والے بہت سے صارفین کسی کی بھی وال یا کمنٹس میں اپنی ذاتی تفصیلات شیئر کرنا شروع کردیتے ہیں، ایسے افراد کو میسنجر کا استعمال کرنا چاہیے، کہیں بھی ذاتی معلومات بتانا اخلاقی بنیاد پر ہی ٹھیک نہیں بلکہ آپ کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔
ہر لفظ میں X حرف استعمال کرنا چھوڑ دیں
لوگوں کو اپنے الفاظ میں X حرف لکھنے کا بےحد شوق ہے، جس کی ایک مثال یہ ہے کہ Picture (تصویر) کو pic لکھا جاسکتا ہے، لیکن اسے pix لکھنا کہاں کی سمجھداری ہے؟ اس سے گریز کریں۔
'اچانک سے تصویر لی اور اچھی آگئی'، یہ جھوٹ ہے
بہت سارے لوگ فیس بک پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ساتھ میں یہ ضرور بتاتے ہیں کہ اچانک سے یہ تصویر لی تھی اور اچھی آگئی، دراصل سب ہی جانتے ہیں کہ فیس بک پر دوستوں کے ساتھ تصاویر شیئر کرنے سے قبل کتنی بار ایک اچھی تصویر لینے کی کوشش کی جاتی ہے، اس لیے یہ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔
الفاظ کو غلط انداز میں لکھنا
لوگوں کو ایک دوسرے کے سامنے اسمارٹ بننے کا بےحد شوق ہوتا ہے، لیکن cool کو ‘kewl’ لکھنا بہت سے لوگوں کو ناگوار گزرتا ہے، اس عادت کو تبدیل کریں کیوں کہ یہ آپ کی شخصیت کو منفی انداز میں پیش کرتا ہے۔
اپنی تصویر پر تمام دوستوں کو ٹیگ کرنا
ٹھیک ہے آپ نے ایک بہترین تصویر اپنی ٹائم لائن پر شیئر کی ہوگی، لیکن اس میں اپنی پوری فرینڈ لسٹ کو ٹیگ کردینا اخلاقی طور پر ٹھیک نہیں، ہوسکتا ہے کسی کو اس تصویر پر آنے والی نوٹیفیکیشنز پریشان کررہے ہوں اور وہ اسے بند کرنے پر مجبور ہوجائے۔
باتھ روم میں سیلفی
سب ہی جانتے ہیں کہ باتھ روم میں لائٹ اچھی ہونے کے باعث سیلفی بہت اچھی آسکتی ہے، لیکن ہر سیلفی باتھ روم میں لینا اور اسے فیس بک پر شیئر کرنا آپ کی مثبت شخصیت کے لیے ٹھیک نہیں، اپنی سیلفی کے لیے کسی صاف اور اچھی جگہ کا انتخاب کریں۔
اپنے دوست کے دوست کو ایڈ کرنا
کیا آپ جانتے ہیں کہ اپنے دوست کے دوست کو فرینڈ ریکوئسٹ بھیجنے سے آپ کا دوست کتنا شرمندہ ہوسکتا ہے؟ اس لیے اپنے دوست سے اجازت لیے بغیر اس کے کسی دوست کو ایڈ مت کریں۔
تمام حروف کیپیٹل میں لکھنا
اگر آپ کو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہر لفظ بڑے حروف (کیپیٹل) میں لکھنا ٹھیک ہے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے، ایسا پیغام جس کے تمام حروف کیپیٹل میں لکھے گئے ہوں, پڑھنے والے کو پریشان کرسکتا ہے۔