پاکستان

بلوچستان پر خاص توجہ ہے، چیف آف آرمی اسٹاف

آرمی چیف نے سماجی اقتصادی کوششوں کے نتیجے میں فراریوں کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کو سراہا، آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پر ان کی خاص توجہ ہے اور بلوچ عوام کو دیگر صوبوں کے برابر لانا اہم مقصد ہے۔

پاک آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈ اور ہیڈ کوارٹرز ایف سی بلوچستان (شمالی) میں صوبے کی سیکورٹی کی صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

قبل ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال کیا۔

بریفنگ میں آرمی چیف کو آگاہ کیا گیا کہ فرقہ وارانہ بنیادوں پر نشانہ بنانے کے واقعات میں غیر معمولی کمی آئی ہے تاہم دہشت گرد اب مایوسی کے عالم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے آرمی، ایف سی، پولیس، انٹیلی جنس اور دیگر اداروں بشمول صوبائی انتظامیہ کی صوبے میں سیکورٹی کی صورت حال میں بہتری کے حوالے سے کامیابیوں کو سراہا۔

انھوں نے بالخصوص سماجی و اقتصادی لحاظ سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی جس کے نتیجے میں فراریوں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان پر ان کی اہم توجہ ہے اور بلوچستان کے عوام کو ملک کے دیگر صوبوں کے مساوی ترقی دلانا بڑا مقصد ہے۔

بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف نے افسران و جوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔

انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی فوج ہیں اور ان کی مکمل حمایت سے اپنےفرائض نبھاتے رہیں گے۔