'جے آئی ٹی کے 2 ارکان کی وزیراعظم سے دشمنی ہے'
وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی مشیر آصف کرمانی کا کہنا ہے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے در ارکان کی نواز شریف سے دشمنی ہے جبکہ سابق قطری وزیراعظم کے بیان کے بغیر جے آئی ٹی رپورٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔
نواز شریف زندہ آباد ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ جے آئی کی تشکیل کے بعد تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا لیڈر صادق اور امین ہیں،جے آئی ٹی کے 2 ارکان کی نواز شریف سے دشمنی ہے،عامر عزیز اور بلال رسول کی ہمدردیوں کا سب کو پتہ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو جے آئی ٹی کا رکن بنانا کہاں کا انصاف ہے؟
انھوں نے کہا کہ مرکزی گواہ قطر کا شہزادہ ہے جب تک قطر کے شہزادے کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جاتا ہے تو جے آئی ٹی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:شریف خاندان نے جے آئی ٹی کی غیر جانبداری پر سوال اٹھا دیے
ان کا کہنا تھا کہ پانامہ پیپر کا افسانہ کھڑا کیا گیا ہے جبکہ پانامہ میں نواز شریف کا نام نہیں ہے لیکن وزیراعظم نے اپنے خاندان کو بھی احستاب کے لئے پیش کیا اور خود سپریم کورٹ کو کمیشن کی تشکیل کے لیے خط لکھا۔
آصف کرمانی نے جے آئی ٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹیم کو باجی کا نام دے دیا اور کہا کہ باجی 10 جولائی کو رپورٹ پیش کرنے جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک- چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی تقدیر سنوار دے گا لیکن نواز شریف کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ نواز شریف کے کچھ قومی جرائم ہیں جس کی سزا دی جا رہی ہے، ہندوستان کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرنا نواز شریف کا جرم ہے۔
انھوں ںے کہا کہ اندھیروں کے خاتمے اور روشنیوں کا مسافر ہونا نواز شریف کا جرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے ذریعے مشکلات کھڑی کی گئیں لیکن ملک میں روشنیاں لوٹ رہی ہیں اور وزیراعظم کا وعدہ ہے کہ 2018 سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔
'عمران خان نےگندی زبان متعارف کرائی'
آصف کرمانی نے کہا کہ عمران خان نے گندی زبان کو متعارف کروایا اور لگتا ہے کہ جے آئی ٹی اور عمران خان کا رومانوی رشتہ ہے ان کو سب پتہ چل جاتا ہے۔
انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں جے آئی ٹی کی گاڑی میں بیٹھ کر اقتدار کی کرسی تک پہنچ جاؤں تو یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دھمکیاں دیتے ہیں،آپ جے آئی ٹی کے ساتھ راضی رہیں ہم عوام کے ساتھ راضی رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:حسین نواز سےجے آئی ٹی کی 5 گھنٹے تفتیش
مسلم لیگ نواز کے رہنما نے کہا کہ عمران خان جا کر کرکٹ کھیلو سیاست آپ کا کام نہیں ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کال دینے کے بعد نتھیا گلی اور بنی گالا میں چھپ جاتے ہیں۔
آصف کرمانی کا کہنا تھا نواز شریف تو دور کی بات ایک ورکر کی کال پر بھی بنی گالا سے باہر نہیں نکل سکوگے۔