پاکستان

مری: بس کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق

منڈی بہاوالدین سے سیاحت کے لیے مری جانے والے افراد کی بس جھینگا گلی میں کھائی میں جاگری،4 جاں بحق اور 19 افرادزخمی ہوئے۔

مری میں بس گہری کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

بس میں 40 افراد سوار تھے جو منڈی بہاؤالدین سے تفریح کے لیے مری جارہے تھے۔

سیر و تفریح کے لیے منڈی بہاؤالدین سے مری جانےوالے افراد کی بس موٹروے سے متصل جھینگا گلی پر لنک روڈ سے گزرتے ہوئے کھائی میں جاگری۔

مزید پڑھیں:مری: مسافر لفٹ ٹوٹ کر کھائی میں جا گری، 12 افراد ہلاک

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مری منتقل کردیا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو راولپنڈی کے ہسپتالوں کو بھیج دیا گیا۔

خیال رہے کہ ایک دن قبل مری میں چھرہ پانی کے قریب مسافر لفٹ ٹوٹ کر گرنے سے 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

مری واقعے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے پولی کلینک منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:مری: دو بسیں کھائی میں گرنے سے 12 افراد ہلاک

چھرہ پانی کے قریب ٹوٹ کر گرنے والی ڈولی لفٹ 400 فٹ گہری کھائی اور نالے کے اوپر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کی تھی۔

یاد رہے کہ تین سال قبل 2014 میں بس گہری کھائی میں گرنے سے 15 سےزائد افراد جاں بحق اور 30 سےزائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ حادثہ سالگراں کے مقام پر پیش آیا تھا جہاں دو بسیں دو سو فٹ گہری کھائی میں جاگریں تھیں۔