پاکستان

تھر پارکر: قمیتی مورتی چوری کرنیوالے 2ملزمان گرفتار

صاحبو ٹھاکر نامی شخص نے ہمیں جیندا گاؤں کے ایک مندر سے 'ممائی دیوی' کی قدیم مورتی چوری کرنے کا کہا تھا, گرفتار ملزمان

مٹھی: تھر کے جنوب مشرقی علاقے نگرپارکر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مندر سے قیمتی مورتی چرانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار کیے جانے والے دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے چند روز قبل جیندا گاؤں کے ایک مندر سے 'ممائی دیوی' نامی ہندوں کی مقدس دیوی کی مورتی کی چوری میں ملوث ہیں۔

نگرپارکر پولیس نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) عطا محمد لغاری کی سربراہی میں کارروائی کے دوران شاہنواز کھوسو اور گل حسن کھوسو نامی دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے قیمتی مورتی کو بھی برآمد کر لیا۔

مزید پڑھیں:مندر کی مورتیوں کی ’بے حرمتی‘: نامعلوم ملزمان کےخلاف مقدمہ

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے مندر سے قدیم مورتی کی چوری کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف ابھے سنگھ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا جس میں چوری اور مذہبی عقائد کو مجروح کرنے کی دفعات شامل ہیں۔

گرفتاری کے بعد ملزمان نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ صاحبو ٹھاکر نامی شخص نے انہیں مندر سے قدیم قیمتی مورتی چوری کرنے کا ہدف دیا تھا۔

ایس ایچ او عطا محمد لغاری کا اس معاملے میں کہنا تھا کہ پولیس اس معاملے کے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ: مندر سے چوری شدہ مورتیاں کباڑی کی دکان سے بر آمد

تھر پارکر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنان نے پولیس کی جانب سے کی جانے والی بر وقت کارروائی کو سراہا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ان کارکنان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مورتی چوری کر کے پر امن علاقے میں مذہبی فرقہ وارانہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔