سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کا پینٹنگ گیلری جیسا فریم لیس ٹی وی

کمپنی نے ایسا ٹی وی فروخت کے لیے پیش کیا، جو پینٹنگ آرٹ کی شکل میں ہے، جسے ضروت کے وقت ٹی وی کے طور پر چلایا جاسکتا ہے

جنوبی کوریا کی ملٹی نیشنل کمپنی سام سنگ ویسے تو زیادہ تر اسمارٹ فون بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے، مگر وہ اچھوتے گھریلو الیٹرانک آلات بھی متعارف کراتی رہتی ہے۔

اس بار سام سنگ نے ایک ایسا ٹی وی متعارف کرایا ہے، جو ہے تو ٹیلی وژن ہی مگر اسے دیکھ کر ایک لمحے کے لیے بھی احساس نہیں ہوتا کہ وہ ٹی وی ہی ہے۔

’دی فریم ٹی وی‘ نامی سام سنگ کا یہ ٹیلی وژن فریم لیس ہے،اسے ایک آرٹ پینٹنگ کی شکل میں تیار کیا گیا ہے، جسے ضرورت پڑنے پر ٹی وی کے بجائے خوبصورت پینٹنگ میں بھی تبدیل کیا جاسکے گا۔

اس پینٹنگ آرٹ نما ٹی وی کے ساتھ کمپنی اور بھی چھوٹی چھوٹی اسمارٹ آرٹ پینٹنگ، ٹیبل اور ایسی چیزیں فراہم کر رہی ہے، جنہیں کمرے میں سجانے سے ایک لمحے کے لیے بھی یہ احساس نہیں ہوگا کہ یہ ٹی وی سیٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا ڈبل اسکرین مانیٹر متعارف

پینٹنگ آرٹ سیٹ کی طرز پر بنائے گئے اس ٹی وی سیٹ کو سام سنگ نے 2 مختلف 65 اور 55 انچ کے سائز کے ساتھ 18 جون سے آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔

کمپنی کے مطابق 65 انچ کے پینٹنگ ٹی وی اسکرین کی قیمت 2 ہزار 799، اور 55 انچ ٹی وی کی قیمت 1999 امریکی ڈالر ہے، جب کہ ان کے ساتھ دیگر پزل اور چیزیں خریدنے کی قیمت الگ ہے۔

اس فریم لیس پینٹنگ آرٹ ٹی وی کی خاص بات یہ ہے کہ اسے ضرورت پڑنے پر خوبصورت پینٹنگ میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے، اور اس ٹی وی میں دنیا کے مختلف آرٹسٹوں اورفوٹوگرافرز کے تخلیق کردہ آرٹ کے 100 شاہکار نمونے بھی موجود ہیں، جنہیں مرضی کے مطابق پینٹنگ کی صورت دی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: سام سنگ کے 'سب سے بہترین' گلیکسی فونز پیش

کمپنی کے مطابق اس ٹی وی سیٹ کے ساتھ آرٹ گیلری اسٹور بھی منسلک ہوگا، جس کے ذریعے صارفین دنیا بھر کے 300 آرٹ گیلریوں سے کنیکٹ ہوں گے، صارفین ماہانہ محض 5 ڈالر کی ادائگی سے دنیا کی معروف آرٹ گیلریوں تک ڈجیٹل رسائی حاصل کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ سام سنگ نے اس ٹی وی کو پیش کرنے کا اعلان گزشتہ برس کیا تھا، اس ٹی وی کی تیاری کے لیے کمپنی نے دنیا کے معروف آرٹسٹوں کی خدمات بھی حاصل کیں۔