پاک-ایران سرحد کے قریب بھوک پیاس سے 2 افراد ہلاک
گوادر: پاک-ایران سرحد کے قریب ضلع پنجگور کے علاقے کوہ سبز میں لاپتہ ہونے والے 2 افراد بھوک پیاس کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دونوں افراد، جن میں سے ایک مزدور اور ایک ڈرائیور تھا، پاک-ایران سرحدی علاقے میں واقع گاؤں سے ایرانی تیل کی فروخت کے لیے اپنے پِک اَپ ٹرک میں روانہ ہوئے تھے، تاہم واپسی میں یہ افراد راستہ بھٹک گئے اور ان کی گاڑی میں بھی کوئی خرابی ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ان دونوں افراد کے پاس موجود کھانے پینے کی اشیاء جلد ہی ختم ہوگئیں جبکہ آس پاس آبادی کا کوئی نام و نشان بھی نہ تھا۔
اس غیر آباد علاقے میں چند راہ گیروں نے ان دونوں افراد کی نشاندہی کی اور مقامی انتظامیہ کو مطلع کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک ایران سرحد پر 'بابِ پاکستان' کا افتتاح
ذرائع کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد لیویز فورس کے اہلکار مذکورہ علاقے میں پہنچے اور دونوں افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس وقت تک ایک شخص ہلاک ہوچکا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ہسپتال منتقلی کے وقت دوسرا شخص زندہ تھا تاہم اس کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی اور وہ بھی دوران علاج چل بسا۔
ہسپتال ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے ڈان کو آگاہ کرتے ہوئے لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان دونوں افراد کی موت کی وجہ جسم میں پانی کی کمی بتائی گئی۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظہور احمد اور شیر علی کے ناموں سے ہوئی، لاشوں کو قانونی اور میڈیکل تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
یہ خبر 7 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔