پاکستان

سیز فائر کی خلاف ورزی، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ

امن برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہیں البتہ بھارت کی مہم جوئی کامناسب وقت اور مقام پر جواب دیا جائے گا،پاکستانی ڈی جی ایم او

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج کے لیے پاکستان نے بھارتی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ پیر کے روز صبح 10 بجے ہوا۔

اس موقع پر پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے یکم جون کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کے اطراف بلااشتعال فائرنگ کا معاملہ اٹھایا۔

انہوں نے بھارتی ڈی جی ایم او کو آگاہ کیا کہ یکم جون کو بٹل، ہاٹ اسپرنگ اور جنڈروٹ سیکٹرز پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ شہری شہید ہوئے۔

مزید پڑھیں: کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ، 3 پاکستانی فوجی جاں بحق

پاکستان ڈی جی ایم او نے اپنے بھارتی ہم منصب کو بتایا کہ بے گناہ شہریوں کو شہید کرنا اور غلطی سے سرحد عبور کرجانے والوں کو درانداز قرار دینا انتہائی غیر پیشہ وارانہ اور فوجی اصولوں کے خلاف ہے۔

پاکستانی ڈی جی ایم او نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ بھارت دراندازی کے الزامات کے ٹھوس اور قابل عمل شواہد فراہم کرے جبکہ اس مسئلے کی درست نشاندہی کے لیے اپنے گریبان میں جھانکے۔

انہوں نے بھارتی ڈی جی ایم او کو یہ باور کرایا کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھنے کے لیے پر عزم ہے البتہ کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی کا مناسب وقت اور مقام پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور اس کی ذمہ داری بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر عائد ہوگی۔