رمضان ٹرانسمیشن کرنے والے اداکاروں پر اُشنا شاہ کی تنقید
فیس بک پر اپنے کھلے خط میں اداکارہ نے رمضان ٹرانسمیشنز کو کمائی کا ذریعہ بنانے والے اداکاروں کو کھری کھری سنا ڈالیں۔
پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کو اپنی ٹرانسمیشنز کے ذریعے کمائی کا ذریعہ بنانے والے اداکاروں کو کھری کھری سناڈالیں۔
فیس بک پر پوسٹ کیے گئے اپنے کھلے خط میں کسی اداکار کا نام لیے بغیر اُشنا شاہ نے لکھا ’بہت سارے لوگ اس ماہ کے 30 دن وہ بننے کا دکھاوا کریں گے جو وہ نہیں ہیں تاکہ اس ماہ میں کمائی کرسکیں، میں شاید سارے روزے نہ رکھ سکوں یا عبادت نہ کرپاؤں لیکن میں اپنے مذہب کی بےحرمتی نہیں کرسکتی‘۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کی پوسٹ پر تنقید کرنے سے قبل سب یہ جان لیں کہ وہ کسی ایک شخص پر تنقید نہیں کررہیں یا ان کا مقصد کسی ایسے شخص کو غلط کہنا نہیں جو سچے دل سے اس ماہ کا احترام کررہا ہو، تاہم وہ ایسے لوگوں پر تنقید کر رہی ہیں، جو ہر سال پیسوں کے لیے اس ماہ میں خود کو تبدیل کرلیتے ہیں، جو کہ غلط ہیں۔