پاکستان

راولپنڈی: ابوظہبی جانے والے مسافر سے ہیروئن برآمد

مسافر عرفان مسیح کے ہینڈ بیگ سے امیگریشن کاؤنٹر پر چیکنگ کے دوران ہیروئن برآمد ہوئی، اے این ایف حکام

راولپنڈی: انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ابوظہبی جانے والے مسافر سے ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

اے این ایف حکام کے مطابق ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے مسافر عرفان مسیح کے ہینڈ بیگ سے امیگریشن کاؤنٹر پر چیکنگ کے دوران ہیروئن برآمد ہوئی۔

مسافر عرفان مسیح نجی ایئرلائن ایئر بلیو کی پرواز سے ابوظہبی جانے والا تھا۔

مسافر نے ہیروئن کی موجودگی پر لاعلمی کا اظہار کیا تاہم اے این ایف نے منشیات کی دفعہ 9 سی کے تحت عرفان مسیح کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انھیں اے این ایف ہیڈکوارٹرز منتقل کردیا۔

حکام کے مطابق تحویل میں لیے گئے مسافر کو کل علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جاسکے اور یہ انکوائری کی جاسکے کہ وہ منشیات لے کر کہاں جانے والا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران قومی ایئرلائن کی پروازوں سے منشیات کی برآمدگی کے مختلف واقعات سامنے آچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہیروئن اسمگلنگ معاملہ: پی آئی اے عملہ وطن واپس پہنچ گیا

گذشتہ ہفتے (22 مئی) کو بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد تا لندن جانے والی پرواز میں سے 20 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی تھی۔

اس طیارے کے اڑان بھرنے سے کچھ دیر پہلے ہیروئن کی موجودگی کی اطلاع پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے طیارے کی تلاشی لی تھی اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی۔

یہ وہی پرواز تھی، جس سے چند دن قبل بھی ہیروئن برآمد کی گئی تھی، 16 مئی کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی اس پی آئی اے کی پرواز کے عملے کی ’جامع تلاشی‘ لینے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ عملے کے پاسپورٹ بھی ضبط کرلیے گئے تھے۔