پاکستان

ایک ارب 60 کروڑ کے خصوصی رمضان پیکج کی منظوری

منظور شدہ پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان میں 19 اشیائے خورو نوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کے خصوصی رمضان پیکج کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی رمضان پیکج کی منظوری دی گئی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منظور شدہ پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر 19 اشیائے خورو نوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

ان اشیاء میں چاول، چائے، چینی، دالیں، آٹا، دودھ، مشروبات، کجھوریں، گھی، تیل، سفید چنا، بیسن اور مصالحہ جات شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن 2 ہزار 600 اشیاء کی قیمتوں میں 5 سے 10 فیصد کمی بھی کرے گی، جس کے لیے سپلائرز سے خصوصی رعایت لے کر اپنا منافع کم کیا جائے گا۔

اجلاس میں یوریا کی برآمد کا کوٹہ بھی 3 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں یوریا کھاد کی برآمد کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔

خزانہ ڈویژن کی تجویز پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال 15 جولائی سے کپاس کی درآمد پر درآمدی ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس بحال کرنے کی منظوری بھی دی۔

یہ فیصلہ آئندہ سیزن میں کپاس کے مقامی کاشتکاروں کا اعتماد بہتر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔