پاکستان

کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

بجلی کی فراہمی حب کے قریب نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کے باعث متاثر ہوئی، کے الیکٹرک

نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کے باعث کراچی کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور کئی گھنٹے بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہ کی جاسکی۔

کے الیکٹرک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’بجلی کی فراہمی حب کے قریب نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے گرڈ میں فنی خرابی کے باعث متاثر ہوئی۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’موجودہ صورت حال کو منظم کرنے کے لیے کے الیکٹرک لوڈ منیجمنٹ کا سہارا لے رہی ہے، تاکہ صارفین کو کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔‘

بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے دعویٰ کیا کہ اس کی ٹیمیں ہنگامی بنیاد پر مسئلہ حل کرنے اور بجلی کی فراہمی کو پوری طرح بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فنی خرابی: کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع

بجلی کی فراہمی سے متاثرہ علاقوں ملیر، لانڈھی، نارتھ کراچی، کلفٹن، گلستان جوہر، صدر، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، پی ای سی ایچ ایس اور ڈیفنس کے شہریوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی آزمائش اور پریشانیاں شیئر کیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی گیس پریشر میں کمی اور بن قاسم پاور پلانٹ می فنی خرابی کے باعث شہر قائد کے کئی علاقوں کے لوگوں کو بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا رہا تھا۔