ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودیہ،اسرائیل اور ویٹی کن کے دورے کا اعلان
واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور امریکی صدر اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے دوران سعودی عرب، اسرائیل اور ویٹی کن کے اسٹاپس شامل ہونے کی تصدیق کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ کے آخر میں برسلز اور سیسیلی میں نیٹو اور جی سیون کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے پہلے سے طے شدہ دورے میں ان تین اسٹاپس کو شامل کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’بطور صدر میرا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب، اس کے بعد اسرائیل اور پھر روم کا ہوگا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ دورہ ایک ایسے موقع پر ہوگا جب وہ مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں میں مصروف ہیں جس میں ان کے پیشروؤں اور متعدد سفارتکاروں کو ناکامی کا سامنا رہا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’میرے دورے کا آغاز سعودی عرب میں حقیقی معنوں میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کے ساتھ تاریخی ملاقاتوں سے ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہاں سے ہم انتہا پسندی، دہشت گردی اور تشدد کے خلاف جنگ میں اپنے مسلم اتحادیوں سے تعاون اور ان کی حمایت کی نئی بنیاد کی تعمیر کا آغاز کریں گے۔‘
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل، فلسطین تنازع: 2 ہفتے میں 1200 فلسطینی گرفتار
سعودی عرب کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل جائیں گے، جہاں ان کا مغربی کنارے کا دورہ بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز فلسطینی صدر محمود عباس سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے مہمان صدر سے اسرائیل کے اور فلسطین کے درمیان دہائیوں پرانے تنازع کے خاتمے کے لیے مدد کا وعدہ بھی کیا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں سمجھتا یہ ایسا ہی مشکل ہوگا جیسا کہ لوگ تصور کرتے ہیں۔‘
پوپ فرانسس 26 اور 27 مئی کو سیسیلی میں ’جی سیون‘ کانفرنس سے قبل 24 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ کا ویٹی کَن میں استقبال کریں گے۔