ڈینگی کے خاتمے کیلئے مچھر مار بل بورڈز
'ڈینگی سے پاک پاکستان' مہم کے تحت معروف کمپنی ریکٹ بینکیزیئر (آر بی) نے حالیہ برسوں میں ملک سے ڈینگی کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔
اس سلسلے میں حالیہ اقدام مچھر مار بل بورڈز کی تنصیب ہے، جنھیں گذشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں لگایا گیا۔
اس اقدام کو کمپنی کے سی ای او شاہ زیب محمود نے 'ڈینگی سے پاک پاکستان' کے عزم کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا۔
اگر اعداد و شمار پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوگا کہ گذشتہ 6 برس میں پاکستان بھر میں 65 ہزار سے زائد ڈینگی کے کیسز سامنے آئے، صرف گذشتہ برس پنجاب میں ان کیسز کی تعداد 3 ہزار تھی، جبکہ سندھ میں 2 ہزار ڈینگی کے کیسز ریکارڈ کیے گئے، گذشتہ برس صرف کراچی میں ڈینگی کے 195 کیسز سامنے آئے۔
مزید پڑھیں: ’ڈینگی سے پاک پاکستان‘ مہم کے آغاز کا اعلان
ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لیے لگائے گئے ان بل بورڈز میں ایگزاسٹ فین موجود ہیں، جو قریب آنے والے مچھروں کو اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں، جہاں وہ پھنسنے کے بعد ڈی ہائیڈریٹ ہو جاتے ہیں اور بالآخر مر جاتے ہیں۔
اس حوالے سے کمپنی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ فہد اشرف نے بتایا، 'یہ آئیڈیا برازیل سے لیا گیا، جہاں یہ پروگرام کامیابی سے چلایا گیا'۔