سائنس و ٹیکنالوجی

طاقتور بیٹری والے 6 اسمارٹ فونز

ایک اسمارٹ فون معتدل استعمال میں بمشکل ایک دن چل پاتا ہے تاہم ازیادہ استعمال کرنے پراسے اکثر چارج کرنا پڑتا ہے۔

اسمارٹ فونز تو آج کل سب کو پسند ہوتے ہیں مگر ان ڈیوائسز کا سب سے بڑا مسئلہ ان کی بیٹریز ہیں جن کی چارجنگ جلد ختم ہوجاتی ہے خاص طور پر ضرورت کے وقت۔

عام طور پر ایک اسمارٹ فون معتدل استعمال میں بمشکل ایک دن چل پاتا ہے تاہم اگر آپ اسے زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اسے اکثر چارج کرنا پڑتا ہے۔

زیادہ چارج کرنے پر کچھ عرصے بعد بیٹریاں بھی کمزور ہوجاتی ہیں اور بہت تیزی سے ان کی چارجنگ ختم ہونے لگتی ہے اور بیٹری کا کام نہ کرنا فون کا مقصد ہی ختم کردیتا ہے۔

تاہم اگر آپ بیٹری کی لمبی زندگی والے اسمارٹ فونز چاہتے ہیں تو درج ذیل میں ایسی ڈیوائسز کا ذکر ہے جو کہ زیادہ دیر تک چلتی ہیں یا یوں کہہ لیں ان کی دیگر کے مقابلے میں جلد ختم نہیں ہوتی۔

سام سنگ گلیکسی ایس ایٹ پلس

فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی ایس ایٹ پلس 6.2 انچ اسکرین کا بہت بڑا اور خوبصورت فون ہے، جس میں نت نئے فیچرز سام سنگ کی جانب سے پہلی بار متعارف کرائے گئے ہیں اور ان میں لمبی بیٹری لائف بھی ہے۔ مختلف ماہرین کی جانب سے کیے گئے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ اس کی بیٹری لگاتار استعمال پر 18 گھنٹے تک آسانی سے چل جاتی ہے، یعنی معتدل استعمال پر یہ دو دن تک بھی کھینچ سکتی ہے۔

موٹرولا موٹو زی پلے

فوٹو بشکریہ موٹرولا

موٹرولا کا یہ فون درمیانے درجے کی سستی ترین ڈیوائسز میں سے ایک ہے جس کی ایک بڑی خوبی اس کی بیٹری کی اچھی اوسط ہے۔ اس فون کی بیٹری ایک بار چارج کرنے پر لگاتار استعمال کرنے پر 23 گھنٹے سے زائد عرصے تک چل سکتی ہے، یعنی معتدل استعمال پر دو سے ڈھائی دن تک یہ بیٹری زندہ رہ سکتی ہے۔

سام سنگ گلیکسی اے سیون

فوٹو بشکریہ سام سنگ

یہ فون دیکھنے میں گلیکسی ایس سیون جیسا ہے مگر قیمت کے لحاظ سے اس کے مقابلے میں کافی ستا ہے، اینڈرائیڈ مارش میلو آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ یہ ایس سیون کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ تو نہیں تاہم اس کی بیٹری کافی اچھی ہے جو کہ لگاتار استعمال پر 22 گھنٹے کا اوسط دیتی ہے۔

ہیواوے میٹ نائن

فوٹو بشکریہ ہیواوے

یہ بڑی اسکرین والا اسمارٹ فون انتہائی طاقتور کیرن 960 اوکٹا کور پراسیسر کے ساتھ ہے جس کا کیمرہ بھی کافی ہے، مگر اس کی بیٹری 4000 ایم اے ایچ ہے جو کہ لگاتار استعمال پر ساڑھے اٹھارہ گھنٹے تک کارآمد ہے جبکہ معتدل استعمال پر ڈیڑھ سے دو دن تک چارج کرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔

ون پلس تھری ٹی

فوٹو بشکریہ ون پلس

چینی کمپنی کا یہ فلیگ شپ فون آئی فون کلر کہلاتا ہے جس کی قیمت بھی 439 ڈالرز ہے یعنی آئی فون سے کافی سستی، جس میں طاقتور اسنیپ ڈراگون 821 پراسیسر موجود ہے، اس کی بیٹری بھی کافی طاقتور ہے جو لگاتار استعمال پر 16 گھنٹے تک کام کرتی ہے۔

گیونی ایم 2017

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

تاہم جب طاقتور ترین بیٹری والے فون کی بات تو چینی کمپنی گیونی کے ایم 2017 کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا جس میں 7000 ایم اے ایچ بیٹری ہے، جو ایک بار چارج کیے جانے پر کئی دن بلکہ ایک ہفتے تک چل سکتی ہے۔ کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ اس فون سے لگاتار 32 گھنٹے تک بات اور 26 گھنٹے تک ویڈیو دیکھی جاسکتی ہے جبکہ عام استعمال کی صورت میں یہ فون ایک ہفتے تک بھی چل سکا ہے۔