فرانس: صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2 امیدوار کامیاب
پیرس: فرانس میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ابتدائی اندازوں کے مطابق خاتون امیدوار مارین لے پین اورایمانوئل ماکروں کامیاب ہوگئے ہیں،تاہم حتمی نتائج کچھ بھی ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ان 2 امیدواروں کی کامیابی کے اندازے فرانس کے مقامی ٹی وی چینلز پر نشر کیے گئے۔
فرانس کے حتمی صدارتی انتخابات آئندہ ماہ 7 مئی کو ہوں گے، تاہم دوسرے مرحلے میں وہی امیدوار حصہ لینے کے اہل ہوں گے جو پہلے مرحلے میں کامیاب ہوں گے۔
صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مختلف جماعتوں اور نظریات کے 11 امیدوار حصہ لے رہیں، جن میں سے صرف 3 امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان کیا جا رہا تھا۔
صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تین بڑے امیدواروں میں سابق وزیر اعظم فرانسواں فیوں، 40 سالہ بینکار اور حالیہ صدر کے مشیر ایمانوئل ماکروں اور نیشنل فرنٹ کی 48 سالہ مارین لے پین ہیں۔