اٹک: 'غیرت' کے نام پر لڑکا، لڑکی قتل
پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقہ سنجوال میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے قتل ہونے والے لڑکے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
اٹک صدر پولیس کے مطابق سنجوال کے علاقے میں میں غیرت کے نام پر 25 سالہ عثمان اور 17 سالہ سدرہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ابرار نے اپنی بہن سدرہ اور عثمان کو 'ناجائز مراسم' کے شبے میں قتل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں 'غیرت کے نام' پر ایک خاتون قتل، ایک زخمی
پولیس کے مطابق مقتول عثمان ملزم ابرار کی بہن سدرہ سے شادی کرنا چاہتا تھا جبکہ ابرار اس کے خلاف تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عثمان ڈمپر کا کنڈکٹر تھا جبکہ مقتولہ سدرہ گھر پر ہی رہتی تھی، ہفتے کو جب وہ اپنی بہن کے گھر آئی تو مقتول عثمان اس کو ملنے کے لیے گیا جس کا علم ملزم ابرار کو ہو گیا۔
ابرار نے طیش میں آکر دونوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے اور مقتول کے والد جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے رجحان میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس طرح کے کئی واقعات روز رپورٹ ہورہے ہیں۔
اب تک ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے کیسز کے ملزمان، جن میں عام طور پر خاتون کو اس کے اپنے قریبی رشتہ دار ہی قتل کرتے ہیں، گرفتاری کے چند روز بعد ہی اس لیے آزاد ہوجاتے ہیں کیونکہ مقتولہ کے ورثا اسے معاف کردیتے ہیں۔