دنیا میں پہلی بار کار کی پرواز
میونخ: ویسے اڑن کاروں کا خیال اب کوئی نیا نہیں، گزشتہ چند سال سے کئی ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسی گاڑیاں بنانے میں مصروف ہیں، جو روڈ پر چلنے سمیت اڑنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہوں۔
گوگل اور اوبر سمیت جرمنی، فرانس، امریکا اور چین کی کئی کمپنیاں ایسی کاریں تیار کرنے میں مصروف ہیں، جو نہ صرف اڑ سکیں گی، بلکہ وہ ایندھن کے بجائے بجلی پر چلیں گی۔
تاہم جرمنی کی ایک کمپنی نے پہلی بار اڑنے والی کار کی تجرباتی پرواز کرکے آئندہ چند سال میں حقیقت میں تبدیل ہونے والے خواب کو وقت سے پہلے ہی پورا کردیا۔
جی ہاں! جرمنی کے شہر میونخ کی کمپنی لیلیوم ایوی ایشن نے پہلی بار اڑنے والی کار کی پرواز کا تجربہ کرکے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا، جسے ابھی پورا ہونے میں کم سے کم 6 ماہ لگنا تھے۔
لیلوم ایوی ایشن کئی عرصے سے اڑنے والی کار پر تجربہ کر رہی تھی، کمپنی کے مطابق اڑن کار کی تیاری میں مختلف ممالک کے 40 انجینئرز اور ڈیزائنرز نے حصہ لیا۔