پاکستان کے پہلے ایل این جی پاور پلانٹ کا افتتاح
وزیر اعظم نواز شریف نے شیخوپورہ میں 1180 میگاواٹ پیداواری استعداد رکھنے والے بھکی پاور پلانٹ کا افتتاح کیا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے شیخوپورہ میں 1180 میگاواٹ پیداواری استعداد رکھنے والے بھکی پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا جو ایل این جی سے چلنے والا پاکستان کا پہلا پاور پلانٹ ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بھکی پاور پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو 717 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ اس کی تعمیر 18 ماہ میں مکمل ہوئی ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
’لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار احتجاج کی دھمکی دے رہے ہیں‘
بھکی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ’18 ماہ کی قلیل مدت میں منصوبہ مکمل کیا جس میں ایک گھر بھی نہیں بنتا، پاکستان میں ایک سال کے کام کو 10 برس میں کرنے کی روایت ہے اس لیے قلیل مدت میں منصوبے کی تکمیل روایت کے خلاف ہے۔‘