سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک کا جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن

فیس بک کے سیکیورٹی سسٹم میں بہتری لاکر فرانس میں 30 ہزار جعلی اکاؤنٹس بند کردئیے گئے، انتظامیہ

سان فرانسسکو: فیس بک انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس اور جعلی خبروں کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ویب سائیٹ کے سیکیورٹی سسٹم میں مزید بہتری لائی گئی ہے، جس کے بعد اب جعلی اکاؤنٹس کا پتہ لگانا ممکن بن چکا ہے۔

فیس بک نے جعلی اکاؤنٹ، خبروں اور جعلی پوسٹز کے خلاف گزشتہ 2 سال سے مہم شروع کر رکھی ہے۔

فیس بک نے جرمنی میں جعلی خبروں سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے وہاں کے اخبارات پر بھی اشتہارات دینے کا منصوبہ تیار کرلیا۔

فیس بک کی پروٹیکٹ اینڈ کیئر ٹیم کی ٹیکنیکل پروگرام مینیجر شبنم شیخ نے اپنے بلاگ میں دعویٰ کیا کہ فیس بک کا سیکیورٹی سسٹم اب پہلے سے مزید بہتر کیا جاچکا ہے، جس کی بدولت ویب سائیٹ پر جعلی اکاؤنٹس کا پتہ لگانا ممکن بن چکا ہے۔

شبنم شیخ نے وضاحت کی کہ انہوں نے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کا پتہ لگانے میں مدد فراہم کرنے والے کچھ مزید اقدامات کیے، جو فیک اکاؤنٹس کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک جعلی پوسٹس کے خلاف متحرک

انہوں نے بتایا کہ فیس بک کی ٹیکنیکل ٹیم سیکیورٹی سسٹم میں مزید بہتریاں لانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ صحیح اکاؤنٹس کا پتہ لگانا اور جعلی اکاؤنٹس کی شناخت کرنا مسلسل رہنے والا مسئلہ ہے، تاہم فیس بک کا خودکار سیکیورٹی سسٹم ایک ہی اکاؤنٹ پر مخصوص قسم کا مواد شیئر کیے جانے اور زیادہ سے زیادہ پیغام بھیجے جانے جیسے عوامل سمیت دیگر نشانیوں کی مدد سے جعلی اکاؤنٹ شناخت کرنے کے قابل ہوگیا۔

شبنم شیخ نے بتایا کہ سیکیورٹی سسٹم میں بہتری کے بعد صرف فرانس میں ہی 30 ہزار جعلی اکاؤنٹس بند کردئیے گئے، جن میں سے کئی ایسے اکاؤنٹس تھے، جن کی ماہانہ کمائی لاکھوں ڈالر تھی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لوگوں کا تحفظ اور صحیح اکاؤنٹس کی تصدیق کرنا فیس بک کا مشن ہے، جعلی اکاؤنٹس، خبروں اور پوسٹوں کے خلاف الگورتھم سسٹم کے ذریعے بھی کارروائی جاری رہے گی۔