پاکستان

پاکستانی سیاح کو ملائیشیا میں خاتون کو چھیڑنا مہنگا پڑ گیا

ملائیشیا کی عدالت نے 9 بچوں کے باپ کو 70 ہزار پاکستانی جرمانے اور جیل کی سزا سنادی، رپورٹ

کوالالمپور: ملائیشیا کی عدالت نے ایک پاکستانی سیاح کو خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں 3 ہزار ملائیشین رنگٹ (تقریبا پاکستانی 70 ہزار) روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

محمد ہاش غوث نامی 46 سالہ پاکستانی سیاح کو گزشتہ ہفتے خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا، جب کہ انہیں جیل کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

محمد ہاش غوث نے گزشتہ ماہ مارچ میں ایک 28 سالہ خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی۔

لائیشیا کی مقامی ویب سائیٹ کے مطابق مجسٹریٹ زہیر رسول نے پاکستانی سیاح کو خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر جرمانے کی سزا سنائی۔

محمد ہاش غوث نے 27 مارچ رات 9 بج کر 45 منٹ پر کوالالمپورکے علاقے مینارا میں خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی تھی۔

واضح رہے کہ جرمانے کی سزا پانے والا پاکستانی سیاح 9 بچوں کا باپ ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی پاکستانی سیاح کو دوسرے ملک میں غیر ملکی خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی سزا سنائی گئی ہو۔

اس سے پہلے 2015 میں ایک 35 سالہ پاکستانی شخص کو دبئی میں ایک ملائیشین سیاح کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزامات پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔