پاکستان

اسلام آباد: باپ کے ہاتھوں بیٹی ’غیرت کے نام‘ پر قتل

بیٹی کو علاؤ الدین نامی لڑکے سے کوئی تعلق نہ رکھنے کیلئے سمجھایا اور باز نہ آنے پر گلا دبا کر قتل کردیا، ملزم اعجاز احمد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ گولڑہ کی حدود میں والد نے اپنی 15 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق قتل کے بعد گرفتاری دینے والے ملزم اعجاز احمد نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے صبح تقریباً 10 بجے اپنی بیٹی کا گھر میں گلا دبا کر قتل کیا۔

اعجاز احمد اسلام آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب محلہ مہر علی جودہ روڈ ای 13 کا رہائشی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں غیرت کے نام پر 6 افراد کا قتل

ملزم کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنی بیٹی کو علاؤ الدین نامی لڑکے سے کوئی تعلق نہ رکھنے کے لیے کئی مرتبہ سمجھایا اور سختی بھی کی مگر وہ باز نہ آئی، جس پر میں نے اسے گلا دبا کر قتل کردیا۔‘

اعجاز احمد نے کہا کہ ’میں نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے نبی گل کے بیٹے علاؤ الدین کے خلاف مارچ کے اوائل میں مقدمہ بھی درج کرایا، مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی۔‘

مزید پڑھیں: 'غیرت کے نام پر قتل غیر اسلامی اور گناہ کبیرہ '

پولیس نے ملزم کی اہلیہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر مزید تحقیقات شروع کردی۔