پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے لیے 3 ارب روپے کی سبسڈی کو جاری رکھے گی: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار

حکومت نے ایک مہینے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی نئی قمیت 73 روپے فی لیٹر مقرر کی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ اگلے ایک ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ 'فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پیسے شامل نہیں کیےجائیں گے'۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قمیت 73 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 44روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 82 روپے فی لیٹر ہوگی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ کو رات 12 سے ہوگا۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے لیے 3 ارب روپے کی سبسڈی کو جاری رکھے گی۔

حکومت نے اس سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ممکنہ ٹیکس ریٹ میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مارچ سے آئندہ پندرہ روز کے لیے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری حکومت کو بھیج دی تھی۔

مزید پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اوگرا کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئی سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.7 فیصد، پٹرول کی قیمت میں 4.15 فیصد، مٹی کے تیل کی قیمت میں 41 فیصد اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 25.2 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

اوگرا کی جانب سے حکومت کو ارسال کی گئی سمری میں پٹرول (92 رون) کی قیمت میں 2.96 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.18 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12.53 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔