پاکستان

جعلی عاملہ نے دَم کے بہانے لڑکے کو دہکتے کوئلے پر بٹھادیا

گوجرانوالہ کے علاقے کھیالی کا رہائشی محنت کش کرامت حسین اپنے 15 سالہ بیٹے کا علاج کرانے کے لیے خاتون کے پاس لایا تھا۔

گوجرانوالہ میں جعلی عاملہ نے دم کرنے کے بہانے 15 سالہ لڑکے کو دہکتے ہوئے کوئلے پر بٹھادیا جس کے نتیجے میں بچہ بری طرح جھلس گیا۔

رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے کھیالی کے رہائشی محنت کش کرامت حسین کا 15 سالہ بیٹا ناصرعرصہ دراز سے بیمار تھا۔

بیٹے کے علاج کے لیے کرامت اسے خود کو عاملہ کہنے والی ایک خاتون یاسمین کے پاس لر گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عامل نے تشدد کے بعد خاتون کو زندہ جلادیا

یاسمین نے کرامت سے کہا کہ وہ کوئلے جلا کر بچے کے تعویز جلائے گی جس کے بعد ان کا بچہ ٹھیک ہو جائے گا۔

گذشتہ شب جعلی عاملہ یاسمین نے علاج کے نام پر کوئلے جلا کر لڑکے کو کوئلوں کے اوپر بٹھادیا جس کے باعث بچے کا نچلا جسم اور ٹانگیں بری طرح جھلس گئیں۔

بعد ازاں بچے کے لواحقین نے اسے طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔

مزید پڑھیں: جعلی عامل نے 60 سالہ شخص کو زندہ جلا دیا

دوسری طرف واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ کھیالی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جعلی عاملہ یاسمین کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

رواں ماہ ہی صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ایک نام نہاد روحانی عامل نے مبینہ طور پر 'جنات نکالنے' کے عمل کے دوران ایک خاتون پر شدید تشدد کرتے ہوئے انھیں الٹا کر آگ لگادی تھی، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں گوجرانوالہ ہی میں ایک جعلی عامل نے 'جنات نکالنے' کے عمل کے دوران مبینہ طور پر ایک شخص کو زندہ جلادیا تھا جس کے بعد اس کی موت ہوگئی تھی۔