پاکستان

اعزاز چوہدری امریکا میں نئے پاکستانی سفیر مقرر

سیکریٹری خارجہ کے طور پر فرائض انجام دینے والے اعزاز چوہدری آئندہ ماہ جلیل عباس جیلانی کی جگہ عہدہ سنبھالیں گے۔

اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کو امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کردیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اعزاز چوہدری جو اس وقت سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں آئندہ ماہ سے نیا عہدہ سنبھال لیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ 'اعزاز چوہدری خارجہ تعلقات کے حوالے سے خاصہ تجربہ رکھتے ہیں اور گزشتہ 36 برس سے سفارتکاری کے میدان میں دو طرفہ اور کثیر الفریقی معاملات میں بہتر طریقے سے کررہے ہیں'۔

اعزاز چوہدری دسمبر 2013 سے سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں اور ان کے عہدے چھوڑنے کے بعد تہمینہ جنجوعہ سیکریٹری خارجہ بن جائیں گی جن کی تعیناتی کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تہمینہ جنجوعہ پاکستان کی نئی سیکریٹری خارجہ مقرر

اعزاز چوہدری سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔

وزارت خارجہ میں رہتے ہوئے اعزاز چوہدری ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے اقوام متحدہ اور ڈائریکٹر جنرل ریلیشنز برائے جنوبی ایشیائی ممالک بھی رہ چکے ہیں۔

ان عہدوں پر رہنے کی وجہ سے وہ بھارت کے ساتھ امن عمل میں کافی سرگرم رہے ہیں۔

قبل ازیں اعزاز چوہدری نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر بھی تعینات رہ چکے ہیں جبکہ وہ 'پاکستان مررڈ ٹو ڈچ آئیز' کے نام سے کتاب بھی لکھ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جلیل عباس جیلانی امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر

اس کے علاوہ اعزاز چوہدری اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

اعزاز چوہدری 27 فروری 1958 کو پیدا ہوئے، انہوں نے فلیچر اسکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی، میڈ فورڈ ، میساچیوسٹس سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ بیچلر آف سائنس کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی لاہور سے حاصل کی۔

اعزاز چوہدری آئندہ ماہ واشنگٹن میں جلیل عباس جیلانی کی جگہ پاکستانی سفیر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔

جلیل عباس جیلانی کو نومبر 2013 میں امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کیا گیا تھا۔