ساہیوال کول پاور پلانٹ قومی گرڈ اسٹیشن سے منسلک
اسلام آباد: پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کو تکمیل کے بعد قومی بجلی گرڈ سے منسلک کردیا گیا۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف کا اپنی ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کامیاب آزمائش کے بعد رواں برس جون تک 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنا شروع کردے گا۔
دوسری جانب وزارت ریلوے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کے لیے کراچی سے کوئلہ لے کر روانہ ہونے والی پہلی ٹرین بجلی گھر کے ٹرمینل پر پہنچ چکی ہے، جب کہ اسی سلسلے کی دوسری ٹرین منگل 31 جنوری کو پاور پلانٹ کے ٹرمینل پر پہنچ جائے گی۔
ساہیوال کول پاور پلانٹ ایک ارب 80 کروڑ امریکی ڈالرکی لاگت سے تیار ہوا،اور اس میں 660 میگاواٹ کے 2 یونٹس ہیں، جس میں سے ایک یونٹ درآمد کیے گئے کوئلے سے بجلی پیدا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ’حکومت ختم ہونے سے قبل لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ‘
تاہم حکومت نے کوئلہ کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے صوبہ سندھ میں موجود تھرکول کا مقامی کوئلہ بجلی گھرمیں استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی حکومت کے دیگر وزراء متعدد بار اس بات کا اعلان کر چکے ہیں کہ 2018 تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کو ختم کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان بجلی کے سنگین بحران سے دوچار ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے گزشتہ عام انتخابات کے دوران اپنی مہم میں ملک سے اس بحران کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حکومت اس برس متعدد نئے بجلی گھروں کا افتتاح کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد اس بحران کو ختم کرکے آئندہ الیکشن میں اپنی جیت کی راہ ہموار کرنا ہے۔