پاکستان

کراچی: 6 سالہ بچی کا ریپ اور قتل کی کوشش

بچی کو مردہ سمجھ کر کچرا کنڈی میں پھینکاگیا، متاثرہ بچی سول ہسپتال کے آئی سی یو منتقل، والدین کی تلاش جاری، پولیس

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں نامعلوم ملزمان نے 6 سالہ بچی کو ریپ اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد مردہ تصور کرکے کچرا کنڈی میں پھینک دیا، جسے سول ہسپتال میں علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ سے زخمی حالت میں ملنے والی چھ سالہ بچی کو آپریشن کے بعد سول ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا۔

کورنگی کراسنگ کے قریب جمعرات 19 جنوری کی دوپہر نامعلوم ملزمان 6 سالہ بچی کو بے ہوشی کی حالت میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے اور اس کا گلا کاٹنے کی کوشش بھی کی گئی، بچی کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کے ساتھ ریپ کی تصدیق کردی۔

رپورٹ میں سول ہسپتال کے میڈیکولیگل آفیسر (ایم ایل او) کے حوالے سے بتایا گیا کہ بچی سے ریپ اور تشدد کی تصدیق ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بچی کے والدین کا پتہ نہیں چل سکا اور نہ ہی کسی نے پولیس سے رابطہ کیا، تاہم متاثرہ بچی کے لواحقین کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ادھر سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں بچی سے زیادتی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنی واردات میں ملوث درندے ناقابل معافی ہیں۔

انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ بچی سے زیادتی کے مجرموں کو فوری پکڑا جائے اور انھیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

دوسری جانب قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے کورنگی میں بچی سے زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور اے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

انھوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ہدایات دیں کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔