350 'گھوسٹ این جی اوز' کی رجسٹریشن منسوخ
جن تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ان کی جانب سے فراہم کردہ پتے پر دفاتر ہی موجود نہیں تھے،ڈائریکٹر رجسٹریشن
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے 350 گھوسٹ غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے محکمہ این جی اوز رجسٹریشن کے ڈائریکٹر محمد علی کے مطابق جن این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی،ان کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات میں دفاتر کے جو پتے درج تھے وہاں سرے سے کوئی دفتر ہی موجود نہیں۔
ڈائریکٹر محمد علی کے مطابق جھوٹی اور بے بنیاد معلومات فراہم کرنے کی بناء پر این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: 'غدار' این جی اوز سے تفتیش ہوگی
ڈائریکٹر رجسٹریشن کے مطابق این جی اوز کے دفاتر نہ ہونے، ان کی جانب سے سالانہ آڈٹ رپورٹ جمع نہ کرانے اور دیگر قانونی ضابطوں کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے 350 این جی اوز کو گھوسٹ قرار دے کر ان کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔