طیبہ تشدد کیس میں نامزد جج کو کام سے روک دیا گیا
جج راجہ خرم کو عدالتی امور کی انجام دہی سے روک کر اسلام آباد ہائی کورٹ میں او ایس ڈی مقررکردیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 سالہ بچی طیبہ تشدد کیس میں نامزد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجہ خرم علی خان کو عدالتی امور کی انجام دہی سے روک دیا۔
رجسٹرار اسلام آبادئی کورٹ راجہ جواد عباس حسن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سول ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ڈویژن شرقی اسلام آباد میں مقرر 20 ویں گریڈ کے عہدے پر فائز جج راجہ خرم سے عدالتی احکامات پر ان کی خدمات واپس لی جارہی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ خرم کو تاحکم ثانی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بطور آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی(او ایس ڈی)کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔