پاکستان

اسلام آباد کے بنگلے سے 'تشدد زدہ' بچی بازیاب

پولیس نے علاقہ مکینوں کی شکایت پر سیکٹر آئی 8 میں واقع گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران بچی کو بازیاب کرایا۔

اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے آئی 8 سیکٹر میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر 10 سالہ بچی کو بازیات کرالیا جس پر مبینہ طور پر گھر کے رہائشی تشدد کرتے تھے۔

آئی 9 پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او خالد اعوان نے اس بات کی تصدیق کی کہ پولیس نے علاقے مکینوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد گھر پر چھاپہ مارا۔

انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گھر سے ایک کم سن بچی بازیات ہوئی جس کے جسم اور چہرے پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔

پولیس افسر نے بتایا کہ بچی کی بائیں آنکھ کے قریب ایک گہری چوٹ بھی لگی ہوئی ہے جبکہ اس کے ہاتھ پر جلنے کے زخم موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تشدد کا شکار گیارہ برس کی گھریلو ملازمہ بازیاب

پولیس حکام بچی کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تھانے لے گئے جہاں اس نے بتایا کہ 'کچھ لوگ' اسے تشدد کا نشانہ بناتے تھے تاہم اب تک بچی نے ان افراد کی نشاندہی نہیں کی جو اس پر تشدد کرتے تھے۔

پولیس نے بچی کے مختلف ٹیسٹ کرالیے ہیں جبکہ ان کے نتائج سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا، رپورٹس ایک سے دو روز میں سامنے آنے کا امکان ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال انہیں متاثرہ بچی کے والدین کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

متاثرہ لڑکی کو فی الحال بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جبکہ امکان ہے کہ بچی کو 2 جنوری 2017 کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ابتدائی تحقیقات ایک عورت کی جانب اشارہ کررہی ہیں جو مبینہ طور پر پوش علاقے میں موجود گھروں کے لیے ملازماؤں کا بندوبست کرتی تھی اور ممکنہ طور پر یہی عورت بچی کو اس گھر میں کام کے لیے لائی تھی۔