سانحہ پشاور: 'ہم آج کے دن کے دکھ کو کبھی نہیں بھول سکتے'
پشاور میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر دہشت گردوں کے حملے کو 2 برس بیت گئے، اس حوالے سے مرکزی تقریب پشاور میں منعقد کی گئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے حملہ کرکے 140 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں کی تھی۔
اے پی ایس سانحے میں جان قربان کرنے والے بچوں اور اساتذہ کی یاد میں دوسری برسی کی مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول پشاور میں منعقد ہوئی۔
مزید پڑھیں: پشاور: آرمی پبلک اسکول میں حملہ
تقریب کا آغاز اے پی ایس کے بہادر بچوں نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جس کے بعد اسکول پرنسپل نے مہمان خصوصی جنرل قمر جاوید کویادگار شہدا پر پھول چڑھانے کی دعوت دی۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل جاوید قمر باجوہ نے یادگار شہدا پر سلامی دی، پھول چڑھائے اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے ہونے والی دعا کا حصہ بنے۔
'پاک فوج قوم کے تحفظ کی ضامن'
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب کا مقصد یہ ہے کہ ہمیں یاد رہے کہ ہمارا کتنا خون بہا، ان کا کہنا تھا کہ ہم شہدائے آرمی پبلک اسکول کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے والدین اور اہلخانہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام قوم، پاک فوج اور ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں.
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کے سانحے کا زخم بہت گہرا ہے، اس کا مکمل طور پر بھر پانا ممکن نہیں لیکن ہم اس نقصان کے مداوے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جو تعلیم شہید بچے حاصل نہ کرسکے وہ ان کے بہن بھائی حاصل کریں اور معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کریں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلح افواج کو قوم کے تحفظ کی ضامن قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ جو بس میں ہوا وہ کریں گے اور جلد سے جلد دہشت گردوں کے خلاف جاری اس جنگ کا خاتمہ کیا جائے گا.