پاکستان

اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص کی آئندہ ہفتے فروخت

چینی اور برطانوی کمپنیاں ان حصص کی ممکنہ خریدار ہوسکتی ہیں پی ایس ایکس عہدیدار

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) آئندہ ہفتے اپنے 40 فیصد حصص فروخت کردے گی۔

پی ایس ایکس کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ چینی اور برطانوی کمپنیاں ان حصص کی ممکنہ خریدار ہوسکتی ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حصص کی خریداری میں کم از کم 17 کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے، جن کا بینچ مارک اسٹاک انڈیکس رواں سال سب سے بہترین کارکردگی دکھانے والے انڈیکس میں سے ایک ہے اور جو اب تک 38 فیصد منافع حاصل کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 45 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور

پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس وقت 300 سے زائد پاکستانی بروکرز کی ملکیت ہے۔

پی ایس ایکس کی ڈائیویسٹمنٹ کمیٹی کے سربراہ شہزاد چامڑیا کا کہنا تھا کہ ’ہم 15 دسمبر سے اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد حصص کی بولی کا آغاز کر رہے ہیں۔‘

تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ ڈیل تقریباً 22 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک ہوگی، تاہم کمیٹی نے اس پر بات کرنے سے انکار کیا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایکس کے حصص کی فروخت کا عمل تیز کیا جائے،اسحاق ڈار

پی ایس ایکس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بولی کے عمل میں شنگھائی اسٹاک ایکسچینج، شینزن اسٹاک ایکسچینج اور چینی فنڈ پر مشتمل کنسورشیم حصہ لے گا، جبکہ نسڈاق ٹیکنالوجی کی سربراہی میں برطانوی مالیاتی اداروں کا کنسورشیم بھی بولی کے عمل کا حصہ ہوگا۔


یہ خبر 10 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔