پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ، 48 افراد جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا چترال سے اسلام آباد آنے والا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جہاز کے تباہ ہونے اور اس میں سوار تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، تاہم حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہ آسکیں۔
ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کے مطابق طیارے میں 42 مسافر، عملے کے پانچ ارکان اور ایک گراؤنڈ انجینئر موجود تھے۔
حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری کی جانے والی مسافروں کی فہرست کے مطابق متاثرہ طیارے میں 31 مرد، 9 خواتین اور 2 بچے سوار تھے۔
ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی نے بتایا کہ حادثے کے حوالے سے ہنگامی رسپانس سینٹر پی آئی اے ہیڈکوارٹرز کراچی میں قائم کردیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ معلومات حاصل کرنے کے لیے ان نمبرز پر رابطہ کیا جاسکتا ہے:
021-99044376 ، 021-99044890 ، 021-99044394