پاکستان

سعودی طیارے کی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

بھارت سے سعودی عرب پرواز کرنے والے طیارے کے پائلٹ کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے طیارے کو کراچی میں لینڈ کرایا گیا۔

ریاض: بھارت سے پرواز کرنے والے سعودی عریبین ائیر لائن (ایس پی اے) کے مسافر طیارے نے کراچی کے ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سعودیہ کے سرکاری میڈیا کا کہنا تھا کہ انڈیا سے جدہ جاتے ہوئے سعودی عریبین ائیر لائن کے کیپٹن کی صحت خراب ہوجانے کی وجہ سے طیارے کو کراچی کے ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی نے ائیر لائن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 'سعودی عریبین ائیر لائن کی ائیر بس اے 330 کے کیپٹن کی صحت خراب ہوگئی جس پر انھوں نے اپنے اسسٹنٹ کو طلب کیا'۔

ایس پی اے کا کہنا تھا کہ معاون پائلٹ نے طیارے کو کراچی میں لینڈ کرایا جہاں ڈاکٹروں نے طیارے کے کیپٹن کا طبی معائنہ کیا۔

ذرائع نے کیپٹن کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ معاون پائلٹ نے طیارے کو باحفاظت لینڈ کرایا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے طیارے کے کیپٹن کا معائنہ کیا اور انھیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عریبین ائیر لائن کی فلائٹ ایس وی 891 انڈیا کے شہر لکھنؤ سے سعودی عرب کے شہر جدہ جارہی تھی۔