پاکستان

مطالبات نہ مانے گئے تو ’گو نثار گو‘ کے بعد ’گو نواز گو‘:بلاول

ہم اپنے مطالبات سے کوئی یو ٹرن نہیں لیں گے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کے چار مطالبات 27 دسمبر سے قبل نہیں مانے گئے، تو پارٹی کا موجودہ ’گو نثار گو‘ کا نعرہ ’گو نواز گو‘ کے نعرے میں بدل سکتا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم اپنے چار مطالبات سے کوئی یو ٹرن نہیں لیں گے۔‘

انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے نئے تنظیمی ڈھانچے کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار سے بھی استعفے کا مطالبہ

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ اگر 27 دسمبر سے قبل پیپلز پارٹی کے چار نکاتی ایجنڈے پر عمل نہیں کیا گیا تو قبل از وقت انتخابات کی مہم چلائی جائے گی۔

انہوں نے پارٹی ورکرز سے خطاب کے دوران مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں لانگ مارچ کا بھی اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کالعدم تنظیموں کو کام سے روکنے میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے چوہدری نثار کو عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیئے اور اگر وہ خود مستعفی نہیں ہوتے تو وزیر اعظم کو ان سے استعفیٰ لے لینا چاہیئے۔