'میرے 100 روپے واپس کیے جائیں'
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے 2 نومبر کو اسلام آباد دھرنے اور 'لاک ڈاؤن' کی کال واپس لیے جانے پر ایک طرف جہاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور وفاقی دارالحکومت کے باسیوں نے خوشی کے شادیانے بجائے ہوں گے، وہیں کچھ کارکن اپنے چیئرمین سے نالاں بھی ہیں۔
حتیٰ کہ رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے ایک اللہ دتہ نامی کارکن نے تو دھرنے کے لیے لیا گیا فنڈ واپس کرنے کے لیے عمران خان کو خط بھی لکھ ڈالا۔
اللہ دتہ نے اپنے خط میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا:
'جناب عالی،
گزارش ہے کہ 2 نومبر کے دھرنے کے لیے پارٹی کی طرف سے 100 روپے فنڈ لیا گیا تھا، مگر دھرنا تو آپ نے موخر کردیا ہے۔ میں بنی گالہ آیا مگر ملاقات نہ ہوسکی۔ برائے مہربانی میرے 100 روپے واپس کیے جائیں، میں آئندہ بھی پارٹی کے کام آتا رہوں گا۔ 100 روپے جلدی واپس کریں اور شکریہ کا موقع دیں۔
عین نوازش ہوگی۔'