اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کے بعد عمران خان کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے بھی احتجاج میں تیزی آئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات میں بھی تیزی آگئی ہے۔
عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے راولپنڈی میں جلسے کا اعلان کیا گیا ، تاہم انتظامیہ کی جانب سے یہ جلسہ منعقد ہونے سے روکنے کے ایک رات قبل سے ہی اقدامات کیے گئے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کر چکی ہے، جس کے تحت جلسے جلوسوں پر مکمل پابندی ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
شیخ رشید کی موٹر سائیکل پر آمد
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنے اعلان کے مطابق کمیٹی چوک پہنچے، انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے گلیوں سے موٹرسائیکل پر سواری کی، اور کمیٹی چوک پہنچنے پر گاڑی پر چڑھ کر خطاب کیا۔
کارکنوں سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ 450 سے زائد تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سادہ لباس میں اسپیشل برانچ اور آئی بی کے لوگ کارکنوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے لوگ احتجاج میں شریک ہیں۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ہمارا قصورکیا ہے؟ ہم تو جمہوریت چاہتے ہیں، ملک کی سربلندی چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنڈی کے لوگوں نے ثابت کردیا کہ وہ حکومت کو نہیں مانتے، جمہوریت، احتساب اور انصاف چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے حکومت کو چیلنج کیا کہ ہمت ہے تو شیخ رشید کو گرفتار کیا جائے، نواز شریف جس دن پکڑے جائیں گے انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ خطاب کے بعد ایک بار پھر موٹر سائیکل پر سوار ہوئے اور وہاں سے چلے گئے۔
کمیٹی چوک کی جانب مارچ
شیخ رشید کے اعلان کے مطابق نماز جمعہ کے بعد عوامی مسلم لیگ کے کارکنان نے لال حویلی کی جانب مارچ کی کوشش کی،
راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر پولیس اور اے ایم ایل کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔
عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں نے لال حویلی جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کو روک لیا۔
خیال رہے کہ لال حویلی جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
شیلنگ کے باعث قریبی آباد میں لوگ گھروں پر بھی آنسو گیس سے متاثر ہوئے۔
ڈان نیوز سے گفتگو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پولیس نے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا ہے۔
شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد افراد زخمی ہوئے، ایمبولنسز بھیجی جائیں۔
پنجاب حکومت کا احتجاج پر موقف
مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری کا کہنا تھا کہ قوم نے پاکستان بند کرنے والوں کو سبق سکھا دیا۔