راولپنڈی: آتش زدگی پر قابو پانے کیلئے فوج طلب
راولپنڈی میں آئل ٹینکر میں حادثے کے بعد آتشزدگی سے کروڑوں کی املاک تباہ ہوگئی، کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد بھی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن کیلئے فوج کو طلب کرلیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق راولپنڈی میں گل ریز کے علاقے میں ایک آئل ٹینکر حادثے کے بعد سڑک پر الٹ گیا جس میں موجود تیل سڑک پر بہہ گیا اور اس میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ بھڑک اٹھی۔
سڑک پر موجود تیل میں لگنے والی آگ نے اطراف میں موجود املاک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے ایک عمارت کو مکمل جبکہ ایک کو جزوی نقصان پہنچا۔
حکام کا کہنا تھا کہ جو عمارت آتشزدگی کے باعث مکمل طور پر تباہ ہوگئی اس میں بینک، ہوٹل، دکانیں اور رہائشی یونٹ قائم تھے جن میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے، اس کے علاوہ آتش زدگی کے نتیجے میں 6 گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔